843

آزادکشمیر میں کیا ہونے جا رہا ہے چوہدری محمد سعید بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر برس پڑے

اپنے حلقہ سے بری طرح ہارنے والے بھی تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں
میرپور (آصف اقبال چنار نیوز)14نومبر 2018ء
آزادکشمیر کے وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حکومت کو کابینہ اور ممبران اسمبلی کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے ۔اپنے حلقہ سے بری طرح ہارنے والے بھی تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ دن کو خواب دیکھنے والوں کی کوئی تعبیر نہیں ہے ۔تبدیلی کی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے خلاف ہیں ۔پی ٹی آئی اپنی ڈوبتی ہوئی کشتی کو بے بنیاد پرو پگینڈہ کے ذریعے منجدار سے نکال نہیں سکتی ۔آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اس سے میرٹ کی بحالی اور حقدار کو اس کا حق ملا ہے ۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کرپشن ،رشوت اور میرٹ کی پامالی کے تمام راستے بند کر دیے ہیں جس سے بعض لوگوں کے پیٹ میں مروڑ پڑ رہے ہیں جن کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو آزادکشمیر کی عوام نے پانچ سال کے لیے بھرپور مینڈیٹ دیا ہے حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خا ن کی قیادت میں پانچ سال پورے کرے گی ۔کسی کے کھوکھلے اور جعلی نعروں کے ذریعے حکومت کو کمزور یا تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ۔اقتدار کی تبدیلی کو وویلا کرنیوالوں کو کچھ نہیں ملے گا ۔انھیں تو عوام نے الیکشن میں اپنی سیاسی حیثیت بتا دی ہے ۔انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پارلیمانی پارٹی اور کابینہ اراکین کا وزیر اعظم کو بھرپور اعتماد حاصل ہے ۔موجودہ حکومت نے تحریک آزادی کشمیر ،خطہ کی تعمیر و ترقی اور میرٹ اور انصاف کی فراہمی کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی مثال سابقہ کسی دور حکومت نہیں ملتی ۔انھوں نے کارکنان سے کہاکہ وہ اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں اور بے پر کی افواہوں پر کان نہ دھریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں